ایک وقت تھا، جب مٹھاس کے لیے عموماً شہد یا گڑ کا استعمال کیا جاتا تھا، پھر انیسویں صدی کے وسط میں سفید چینی متعارف کروائی گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے شہد اور گڑ کی بجائے اس کا استعمال عام ہوتا چلا گیا،مگر جب استعمال عام ہوا، تو مضر اثرات بھی ظاہر ہونے لگے، جس کے بعد ہی سفید چینی پرباقاعدہ تحقیق کا آغاز ہوا۔ابتدا میں تو اسے چند ہی عوارض کا سبب سمجھاگیا ، لیکناب کئی تحقیقات کے بعد سفید چینی کو’’ میٹھا زہر‘‘قراردے دیا گیا ہے۔
جسے کین شوگر (cane sugar) یا ریفائنڈ شوگر (refined sugar) بھی کہا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ نشاستے دار غذائیں(جو انگریزی میںکاربوہائیڈریٹس کہلاتی ہیں) جسم میں پہنچ کر میٹابولزم کے عمل سے گزر کر گلوکوز میں تبدیل ہوجاتی ہیں اور چینی گلوکوز ہی کی ایک قسم ہے۔ چینی کی کئی اقسام ہیں۔جیسے سکروز (Sucrose) ،جوروزمرّہ استعمال کی جاتی ہے،جس کا ماخذ گنا اور چقندر ہے،اسی طرح لیکٹوز (Lactose) دودھ میں پائی جاتی ہے۔ فرکٹوز (Fructose)پھلوں کے ذریعے حاصل کی جاتی ہے،جب کہ دیگر اقسام میں ڈیکسٹروز (Dextrose)، مالٹوز (Maltose) اور گیلکٹوز (Galactose) بھی شامل ہیں۔ چینی میں مٹھاس کے علاوہ کسی بھی قسم کاحیاتین، ریشہ اور معدنی نمک نہیں پایا جاتا،کیوںکہ چینی بنانے کے عمل میں یہ تمام غذائی اجزاء ضایع ہوجاتے ہیں۔ اس لیےاس کےاستعمال کے نتیجے میں سوائے کیلوریز کے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔اُلٹا اضافی مقدار مضر اثرات ہی مرتّب کرتی ہے، جیسا کہ چینی کے بکثرت استعمال سے دانتوں میں کیڑا لگنے، پائیوریا ، مسوڑھوں کی سُوجن اورشکر کی کمی کا عارضہ لاحق ہو سکتا ہے۔اس عارضے میں خون میں شکر کی مقدار بڑھتی اور گھٹتی رہتی ہے۔
اس کی عام علامات میں تھکن، لرزہ، دِل کی تیز دھڑکن، حافظے کے مسائل، دماغ کو ایک جگہ مرکوز رکھنے کی صلاحیت میں کمی اور جذباتی ناہم واری وغیرہ شامل ہیں۔نیز، چربی کی مقداربڑھ جاتی ہے ،تو عضلات بھی گُھلنے لگتے ہیں۔ذیابطیس، قلب اور شریانوں کی تکالیف کے امکانات بڑھنے کے ساتھ وقت سے پہلے بڑھاپا بھی طاری ہوسکتاہے۔علاوہ ازیں، لبلبےکی کارکردگی پربھی مضر اثرات مرتّب ہوتے ہیں ،جو ذیابطیس ٹائپ ٹوکی وجہ بن سکتےہیں،کیوں کہ لبلبہ انسولین خارج کرتا ہے اورجب زائد مقدار میں چینی استعمال کی جائے گی، توظاہر سی بات ہے کہ کام کا دباؤ بڑھ جائے گا اور انسولین بروقت اور ضرورت کے مطابق خارج نہیں ہوپائے گی ۔جب انسولین وافر مقدار میںبن رہی ہو، تو بلڈپریشر بھی بڑھ جاتاہے ۔نیز، اچھا کولیسٹرول کم ہوجاتا ہے اور ٹرائی گلیسرائیڈ کی مقدار میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے ،جس کی وجہ سے امراضِ قلب کا راستہ ہم وار ہوجاتا ہے۔مثلاً دِل کے پٹّھوں میں انحطاط پیدا ہوسکتا ہے،دِل کے خانوں میں کم زوری واقع ہو جاتی ہے اور خُون پمپنگ کا عمل کم زور پڑنے کے سبب ہارٹ اٹیک بھی ہوسکتا ہے۔
کئی تحقیقات کے بعد یہ بات بھی تسلیم کی جا چُکی ہے کہ ہر قسم کی مٹھاس سے جسم پر دبائو پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں فری ریڈیکلز کیتعداد بڑھنے سے خلیات کو سخت نقصان پہنچتا ہے۔ بظاہر سفید چینی کے استعمال سے جسم کوطاقت تومِل سکتی ہے، لیکن درحقیقت یہ جسم کی توانائی ختم کررہی ہوتی ہے۔ اصل میں چینی میں تھایا مین(Thiamine) نہیں پایا جاتا ،تواسے ہضم و جذب کرنے کے لیےاسے تھایامین دیگر اعضاء سےحاصل کرنا پڑتا ہے، جس کے سبب ان اعضاء میںتھایامین کی کمی واقع ہوجاتی ہے، جو مختلف ذہنی و جسمانی عوارض جیسے اعصابی خلل، نظامِ ہضم کی بے قاعدگی، نظر کی کم زوری، تھکاوٹ، خون کی کمی، دِل کے امراض، پٹّھوں کی کم زوری اور مختلف جِلدی تکالیف کا سبب بن سکتی ہے۔ جسم میں شکر کی مقدار زائد ہونے کے سبب بعدازاں اس میں شدید کمی بھی واقع ہو سکتی ہے،جسے طبّی اصطلاح میں ہائپوگلائی سیمیا کہا جاتا ہے۔اس کی علامات میں تھکاوٹ، سَرچکرانا، ڈیپریشن اورچڑچڑاپنوغیرہ شامل ہے، جب کہ بعض اوقات بے ہوشی بھی طاری ہو جاتی ہے۔اضافی شکر جسم میں گلائیکوجن کی شکل میں ذخیرہ نہیں ہوتی، کیوں کہ ہمارے جسم میں شکر کی ایک مخصوص مقدار ہی گلائیکوجن کی صورت ذخیرہ ہوتی ہے
جو بوقتِ ضرورت جسم کو مہیا کی جاتی ہے،جب کہ باقی بچ جانے والی شکر،جسم میں چربی کی صورت جمع ہوتی رہتی ہے۔ جسم میں بننے والی ایک چربی، ٹرائی گلیسرائیڈ مضر کولیسٹرول ہے۔ جب خون میں ٹرائی گلیسرائیڈ زکا اضافہ ہوتا ہے، تو وہ خون کی نالیوں کی دیواروں سے چپکنے لگتے ہیں،یہاں تک کہ یہ دیواریں تنگ ہوجاتی ہیں۔ علاوہ ازیں،چینی کی زیادتی خون میں تیزابیت بھی بڑھانے کا موجب ہے ۔چینی میں کوئی ریشہ نہیں پایا جاتا، اس لیے نظامِ ہضم کے امراض، بالخصوص قبض کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔یورک ایسڈ میں اضافہ، گٹھیا اوربُلند فشارِ خون کا ایک سبب ہے اور چینی کا استعمال یورک ایسڈ کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے۔خون میں شکر کی زیادتی گُردوں کے لیے بھی نقصان کا باعث ہے
Leave a Comment